Monday, September 16, 2024

شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، دہشت گردوں کا پیچھا کرینگے : صدر، وزیراعظم اور سیاسی قیادت کی اٹک دھماکے کی شدید مذمت

شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، دہشت گردوں کا پیچھا کرینگے : صدر، وزیراعظم اور سیاسی قیادت کی اٹک دھماکے کی شدید مذمت
August 16, 2015
لاہور (92نیوز) صدرِمملکت، وزیراعظم، چاروں گورنرز، وزرائے اعلیٰ، عمران خان، آصف علی زرداری، فضل الرحمان، سراج الحق نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے، شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق اٹک میں وزیرداخلہ پنجاب شجاع خانزادہ اور دیگرافراد کی شہادت پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے گہرے رنج اورافسوس کا اظہار کیا اورواقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے پوری قوت کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ شجاع خانزادہ اور دوسرے شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ قومی اتحاد اورعزم کے ساتھ دہشت گردی کا خاتمہ کردیں گے اور دہشت گردوں کوچھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ چاروں گورنرز اور وزرائے اعلیٰ نے بھی واقعے کی مذمت کی۔ وزیر اطلاعات پرویزرشید کا کہنا تھا کہ قوم اس جنگ میں متحد ہے، بزدلانہ کارروائیاں حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ سابق صدر آصف علی زرداری، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان ، جے یوآئی کے امیر مولانا فضل الرحمان، امیرجماعت اسلامی مولانا سراج الحق، ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین اور اے این پی کے حاجی غلام احمد بلورنے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔