Saturday, April 27, 2024

شہید کیپٹن حسنین فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک،والد نے سلیوٹ پیش کیا

شہید کیپٹن حسنین فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک،والد نے سلیوٹ پیش کیا
March 3, 2019
ننکانہ صاحب ( 92 نیوز ) کرم ایجنسی میں شہید کیپٹن حسنین کوپورے فوجی اعزاز کے ساتھ ننکانہ صاحب میں سپرد خاک کردیاگیا ۔ نماز جنازہ میں عسکری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ شہید کو سلامی بھی دی گئی ۔ کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین کی میت آبائی علاقے میں پہنچنے پر اہل علاقہ نے شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ خواتین اور بچوں نے چھتوں پر چڑھ کر شہید کے جسد خاکی پر گل پاشی کی ۔ سکھ برادری بھی وطن کیلئے جان قربان کرنے والے سپوت کو خراج عقیدت پیش کرنے میں پیش پیش رہی ۔ کیپٹن حسنین کے والد نے شہید کے جسد خاکی کو سلیوٹ پیش کیا۔ شہید کیپٹن حسنین فوج میں تین سال قبل بطور انجینئر بھرتی ہوئے تھے ۔شہید کے والد نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے بیٹے کی شہادت ان کےلئے اور قوم کےلئے باعث فخر ہے ۔ شہید کیپٹن حسنین کے والد نے مزید کہا کہ اُن کے100 بیٹے ہوں تو سوہنی دھرتی پر قربان کرنے  کیلئے  تیار ہیں۔ شہید کیپٹن حسنین کے بھائی نے بتایا کہ اُن کے بھائی سرچ آپریشن کے دوران زخمی ہوئے جو کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔ شہید کیپٹن حسنین کی شادی 2سال قبل ہوئی۔ کیپٹن حسنین نے سوگواروں میں ایک بیٹا ، بیوی ،والد،والدہ اور دو بھائی چھوڑے ہیں۔