Tuesday, April 16, 2024

شہید مولانا محمد حنیف کی نماز جنازہ ادا، بلوچستان میں یوم سوگ منایا گیا

شہید مولانا محمد حنیف کی نماز جنازہ ادا، بلوچستان میں یوم سوگ منایا گیا
September 29, 2019
چمن (92 نیوز) چمن دھماکے میں شہید ہونیوالے جے یو آئی ف کے رہنماء مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد کی نماز جنازہ چمن میں ادا کی گئی۔ مولانا محمد حنیف کی دھماکے میں شہادت پر بلوچستان بھر میں جے یوآئی نے یوم سوگ منایا، انجمن تاجران کی جانب سے صوبے بھر میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی گئی۔ چمن دھماکے میں شہید ہونیوالے جے یو آئی ف کے رہنماءمولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ واقعے کے خلاف جے یو آئی ف اور انجمن تاجران کی اپیل پر صوبے بھر میں مکمل ہڑتال کی گئی اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ کوئٹہ، قلات، سبی، نصیر آباد سمیت تمام شہروں میں چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے، جے یو آئی ف نے ملزموں کی جلد ازجلد گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔ گزشتہ روز چمن میں تاج روڈ پر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں جے یوآئی کے مرکزی رہنماءمولانا حنیف سمیت 3 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تاج روڈ پرایک موٹر سائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا تھا، دھماکے سبب 2 گاڑیاں اور 6 موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوئیں جبکہ متعدد عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔ دھماکے کے وقت مولانا محمد حنیف پارٹی دفتر سے باہر آرہے تھے۔