Sunday, September 8, 2024

شہید سوار محمد حسین کا47واں یوم شہادت عقیدت واحترام سے منایاجارہا ہے

شہید سوار محمد حسین کا47واں یوم شہادت عقیدت واحترام سے منایاجارہا ہے
December 10, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) آج 1971 کی جنگ میں جرات و بہادری کی سنہری تاریخ رقم کرنے والے مادر وطن کے عظیم سپوت سپاہی سوار محمد حسین شہید کا 47واں یوم شہادت پورے عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ سپاہی سوار محمدحسین شہید 18 جون 1949ء کو ڈھوک پیر بخش گجر خان میں پیدا ہوئے۔3 ستمبر 1966ءکو بری فوج میں بحیثیت ڈرائیور، 20لانسرز  آرمرڈ رجمنٹ کا حصہ بنے۔ سوارحسین کے دل میں ہمیشہ سے لڑاکا سپاہ کے شانہ بشانہ لڑنے کا جذبہ موجزن تھا ۔ 1971ء میں دشمن نے پاک دھرتی پر جنگ مسلط کی تو20لانسرز کوضلع نارووال کے دفاع کی ذمہ داری سونپی گئی۔دشمن ٹینکوں اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ آور تھا۔ سپاہی سوارنے ظفروال اور شکرگڑھ کے محاذوں پرسپاہ کو اسلحہ، بارود اور لڑاکا گشتی دستوں کو پہنچانے کا فریضہ نبھایا ۔ اِسی دوران سوار محمد حسین انتہائی پرخطر جھڑپوں میں قائدانہ کردار اداکرتے اور مشین گن سے دشمن کو بھاری نقصان پہنچاتے رہے۔ 10دسمبر کو سوار نے دشمن کو ہرڑ خورد گاؤں میں مورچے کھودتے دیکھا تو یونٹ کمانڈر کو اطلاع دی۔ سوار کے خون نے جوش مارا اور ساتھیوں کے ہمراہ تیر بہ ہدف فائرنگ کا آغاز کر دیا۔ سوار دشمن کے 16ٹینکوں کی تباہی کی وجہ بنے اوردشمن کو شدید ہزیمت سے دوچار کیا ۔ دشمن آگ بگولہ تھا اور سوار محمد حسین دشمن کی ہر چال کو ناکام بنانے کا عزم لیے میدان کارزار میں ہر لمحہ چوکس تھے۔10 دسمبر کی سہ پہر کو دشمن نے ٹینک پر موجود مشین گن سے سوار محمد حسین پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس سے قوم کا عظیم سپوت جام شہادت نوش کر گیا۔ سوار محمد حسین جنجوعہ شہید کی لازوال داستان شجاعت پر اُنہیں نشان حیدر سے نوازا گیا۔