Wednesday, April 24, 2024

شہید ذولفقار بھٹو نے ٹوٹا ہوا ملک جوڑا ، بلاول کا بے نظیربھٹو کی برسی پر خطاب

شہید ذولفقار بھٹو  نے ٹوٹا ہوا ملک جوڑا ، بلاول کا بے نظیربھٹو کی برسی پر خطاب
December 27, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) شہید ذولفقار بھٹو نے ٹوٹا ہوا ملک جوڑا ، 90 ہزار جنگی قیدی واپس لایا، چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر شہید کی برسی کی تقریب میں کہا کہ راولپنڈی کی سرزمین بھٹو کو تختہ دار پر لٹکائے جانے، بی بی کی شہادت کی گواہ ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید زندہ ہے انہیں مردہ مت کہو، تمہیں اس کی سمجھ نہیں، اللہ انہیں رزق پہنچاتا ہے،راولپنڈی آپ گواہ ہو کہ شہید ذولفقار قائد عوام تھا، آپ گواہ ہو کہ اسلامی ممالک کی قیادت کے لئے لاہور میں بھٹو نے اسلامی ممالک کی کانفرنس منعقد کروائی۔ملک کو آئین دیا ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور عوام کو حکمران بنایا لیکن ضیا کو عوامی راج قبول نہ ہونا ملک کی بدقسمتی تھی۔ پنڈی گواہ ہے بھٹو شہید کے قتل کا،آپ گواہ ہو ان جیالوں کا جن کو سولی پر چڑھایا گیا، آپ گواہ ہو جیالوں پر کوڑے مارے جانے کا، بے نظیر بھٹو آمروں کا مقابلہ کرتی تھیں،آپ گواہ ہو کہ ایک خاتون ایک مسلم ملک کی سربراہ نہیں بن سکتیں، آپ گواہ ہو کہ شہید بی بی نے خواتین کو حقوق دیا، بی بی شہید نے میڈیا کو آزاد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید بی بی چاروں صوبوں کی زنجیر تھیں، شہیدبی بی کی ملی مفاد کی پالیسیاں ملک دشمنوں کو پسند نہ تھیں، بی بی شہید عوامی راج قائم کرنے واپس آئیں تھیں۔ دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہاں آمرنے جمہوریت کا قتل کیا، جہاں آج آپ اوربلاول کھڑے ہیں اسی جگہ محترمہ کوشہید کیا گیا، ایک دن ہم عوام کی حکومت لائیں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ حکمرانوں کو احساس نہیں کہ غریب کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، حکمرانوں کو نہیں پتا کہ مہنگائی کیا ہوتی ہے، ہم عوام کی مشکلات کو حل کریں گے، آپ نے پہلے بھی ہمارے دور میں دیکھا، ہم نے عوام کی خدمت کی، موقع ملا تو آگے بھی عوام کی خدمت کریں گے، عوام کیلئے آواز بلند کرنے والوں کی آواز بند کی جاتی ہے۔ ادھر سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ بی بی کے بارے میں بات کرنا فخر ہے، وہ امریکا گئیں تو امریکی صدر کلنٹن نے ان کی گاڑی کا دروازہ کھولا، بی بی اور بلاول کہتے ہیں جمہوریت بہترین انتقام ہے، بے نظیر کی 30 سال کی جدوجہد اور خدمات تھیں، تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔