Thursday, May 9, 2024

شہزادہ ہیری کی شاہی خاندان سے علیحدگی کی خواہش کا احترام کرتے ہیں، ملکہ برطانیہ

شہزادہ ہیری کی شاہی خاندان سے علیحدگی کی خواہش کا احترام کرتے ہیں، ملکہ برطانیہ
January 14, 2020
لندن (92 نیوز) شہزادہ ہیری کی شاہی خاندان سے علیحدگی کی خواہش کا احترام کرتے ہیں، ملکہ برطانیہ نے بڑا فیصلہ سنا دیا۔ شاہی مراسلے میں جاری بیان میں کہا خوشی ہوتی اگر دونوں ساتھ رہتے۔ برطانوی شاہی خاندان کے سپوت اور آنجہانی ڈیانا کے لاڈلے شہزادہ ہیری کے فیصلہ کے آگے ملکہ نے گھٹنے ٹیک دیئے، ملکہ الزبتھ دوم نے شاہی خاندان کی اہم بیٹھک بلائی، جس میں انھوں نے ڈیوک اور ڈچز آف سسکیس کے فیصلے کا احترام کرنے کا اعلان کردیا۔ شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہیری اورمیگھن عوامی فنڈز پر انحصار نہیں کرنا چاہتے، شاہی خاندان دونوں کے نئے کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ملکہ الزبتھ کا کہنا تھا انہیں خوشی ہوتی اگر دونوں شاہی خاندان کے رکن رہتے، یہ مسائل ان کے خاندان کیلئے پیچیدہ ہیں جن کا حل نکالنے کیلئے مزید کام کرنا ہوگا، تاہم حتمی فیصلہ آنے والے دنوں میں کر دیا جائے گا۔ شاہی خاندان کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ عبوری مدت کے دوران شہزادہ ہیری اور میگھن اپنا وقت کینیڈا اور برطانیہ میں گزاریں گے۔