Thursday, May 9, 2024

شہریوں کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ

شہریوں کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ
August 1, 2019
 کراچی (92 نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر عوام پھٹ پڑے اور حکومت سے اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ حکومت نے پھر پٹرول بم گرا دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے 90 پیسے فی لٹر تک کا اضافہ کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق ہو گیا۔ پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس سے نئی قیمت  117.83 روپے فی لٹر ہو گئی۔ ڈیزل 5 روپے 65 پیسے اضافے کے بعد فی لٹر 132.47 کا ہو گیا۔ مٹی کا تیل 5 روپے 38 پیسے مہنگا کیا گیا ہے۔ نئی قیمت 103.84 روپے فی لٹر ہو گئی۔ لائٹ ڈیزل 8 روپے 90 پیسے اضافے سے فی لٹر 97.52 روپے کا ہو گیا۔ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھنے پر مہنگائی کی چکی میں پستے عوام پھٹ پڑے اور قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے جینا دوبھر کر دیا ہے۔ دو وقت کی روٹی مشکل ہو چکی ہے اور اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ حکومت غریبوں کے حال پر رحم کرے۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا ہے پٹرولیم قیمتیں بڑھنے سے کرایوں میں اضافہ اور مہنگائی مزید بڑھے گی ۔