Tuesday, May 21, 2024

شہریت ترمیمی قانون کیخلاف بھارت میں ملک گیر احتجاج، باہمت خواتین کا بھی دھرنا

شہریت ترمیمی قانون کیخلاف بھارت میں ملک گیر احتجاج، باہمت خواتین کا بھی دھرنا
December 29, 2019
نئی دہلی (92 نیوز) مودی کے شہریت ترمیمی قانون نے پورے بھارت کو آگ میں جھونک دیا، طاقت کا کوئی حربہ کوئی دھمکی ملک گیر احتجاج کو روک نہیں پارہی، نئی دہلی میں شدید سردی کے باوجود باہمت خواتین کا دھرنا جاری ہے، معروف نغمہ نگار گلزار بھی متنازعہ قانون کے خلاف بول اٹھے، کہتے ہیں اب تو دہلی والوں سے ڈر لگنے لگا ہے۔ پورا بھارت متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ایک ہوگیا، ہر گزرتے روز کے ساتھ احتجاجی تحریک زور پکڑ رہی ہے، ملک کے چپے چپے سے سی اے اے نامنظور کے نعرے گونج رہے ہیں۔ نئی دہلی میں پارہ سات ڈگری سنٹی گریڈ تک گرا ہوا ہے لیکن چودہ روز سے دھرنا دیئے خواتین کے حوصلے پست نہ ہوئے، جن کا کہنا ہے کہ وہ پہاڑوں کی مانند اس قانون کے خلاف کھڑی رہیں گی۔ شاہین باغ کے اس دھرنے میں نظم و ضبط کا بھی شاندار مظاہرہ دکھنے میں آرہا ہے، یہاں آزادی کے نعرے بھی گونجتے ہیں، اور ساتھ ہی کھانے پینے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ بھارت کے مشہور نغمہ نگار گلزار بھی شہریت ترمیمی قانون کے خلاف میدان میں اتر آئے ہیں، کہتے ہیں ان دنوں دہلی والوں سے ڈر لگتا ہے، کوئی نہیں جانتا وہ کون سا قانون لے آئیں۔ حالیہ احتجاج کی لہر نے پورے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بدل ڈالا ہے، جہاں مسلمانوں کو چن چن کر مارا جارہا ہے، جبکہ مظاہرین پولیس گردی کا مقابلہ پتھراؤ کی صورت میں کرتے ہیں۔