Thursday, March 28, 2024

شہری کی ہلاکت کے ذمہ دار امریکی سفارتکار کا نام بلیک لسٹ میں شامل

شہری کی ہلاکت کے ذمہ دار امریکی سفارتکار کا نام بلیک لسٹ میں شامل
April 24, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) شہری کی ہلاکت کے ذمہ دار امریکی سفارتکار کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہو گیا۔  وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی شہری کی ہلاکت کے کیس کی سماعت ہوئی۔ وزارت داخلہ کے نمائندے نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کا نوٹیفکیشن پیش کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم سے تحقیقات لازمی ہیں، چاہے وہ یہاں ہو یا امریکہ میں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد نے بتایا کہ کرنل جوزف پاکستان نہیں چھوڑ سکتا۔ سفارتی استثنیٰ کے باعث اس کی گرفتاری ہو سکتی ہے نہ ہی ٹرائل۔ نام ای سی ایل میں شامل کرنا طویل عمل ہے۔ اگر کوئی سفارتکار اپنا استثنیٰ واپس لے لے تو پھر ٹرائل کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے معاملات ویانا کنونشن کے تحت حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 10 روز کے لیے ملتوی کر دی۔