Friday, April 19, 2024

شہری کو کال اپ نوٹس ، سندھ ہائیکورٹ نے ڈی جی نیب کی رپورٹ مسترد کر دی

شہری کو کال اپ نوٹس ، سندھ ہائیکورٹ نے ڈی جی نیب کی رپورٹ مسترد کر دی
April 16, 2019

کراچی ( 92 نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے شہری کونیب افسر کی جانب سے جعلی کال اپ نوٹس جاری کرنے سے متعلق ڈی جی نیب کی رپورٹ مسترد کردی ، عدالت نے  چیئرمین نیب کو تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا  ۔

کراچی کے شہری شمشاد علی کو نیب کی جانب سے جعلی کال اپ نوٹس بھیجنے کے معاملے پر نیب پراسیکیورٹرنے عدالت کوبتایاکہ  معاملے کی تحقیقات کی ہے،نیب نے کال اپ نوٹس جاری نہیں کیا۔

ڈی جی نیب کی پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ احتساب عدالت حیدر آباد رجسٹرار آفس سے ملزم کو کال کی گئی ، رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نیب کا تفتشی افسر کسی کو براہ راست کال اپ نوٹس جاری نہیں کرتا۔

سندھ ہائیکورٹ نے رپورٹ مسترد کردی ، ڈی جی نیب سے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں، کیا ہو رہا ہے ؟، دیکھ لیں نیب کی کیا کارگردگی ہے ؟ ، نیب کو ہر کیس میں ہر بار موقع دیتے ہیں کہ تیاری کے ساتھ آئیں، مگر پھر بھی کارگردگی آپکے سامنے ہیں ۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم نہیں چاہتے کسی قومی ادارے کا نام خراب ہو ، عدالت نے حکم دیاکہ چیئرمین نیب اس معاملے کی خود تحقیقات کروائیں۔