Friday, March 29, 2024

شہری کو تھپڑمارنے والے ایم پی اے کو 30لاکھ روپے ڈیمز فنڈ میں جمع کرانے کا حکم

شہری کو تھپڑمارنے والے ایم پی اے کو 30لاکھ روپے ڈیمز فنڈ میں جمع کرانے کا حکم
September 1, 2018
کراچی ( 92 نیوز) تھپڑ کی گونج ابھی تک برقرارہے ، شہری کو تھپڑ مانے پر پی ٹی آئی کے ایم پی اے  عمران علی شاہ  سپریم کورٹ کے کٹہرے میں  پہنچ گئے ۔ سپریم کورٹ میں تشدد کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے عمران علی شاہ کو 30لاکھ روپے ڈیمز فنڈز میں جمع کرانے کا حکم دےدیا ، 1800 سی سی سے زائد گاڑی کے استعمال سے بھی روک دیا جب کہ  چیف جسٹس نے دوران سماعت عمران علی شاہ کو جھاڑ پلاتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ  جیب سے ہاتھ نکالیں اور تمیز سے کھڑے ہوں۔ عمران شاہ تشدد از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے  برہمی کا اظہار کرتےہوئے  عمران شاہ کی سخت سرزنش کی اور استفسار کیا کہ بتائیں شہری کو تھپٹر کیوں مارا، انسان تھا یا جانور ؟ ، ایسا رویہ ہرگز برداشت نہیں، مجھے مار کر دکھائیں۔ عمران شاہ نے ندامتاور شرمندگی  سوری کہہ دیا جس پر  چیف جسٹس نے کہا سوری کافی نہیں، آپ کو بھی سرعام تھپڑ مارے جائیں گے ۔ چیف جسٹس نے متاثرہ شہری داود چوہان کو مخاطب کیا اور کہا کہ عزت کا کوئی معاوضہ نہیں ہوتا، آپ معاوضہ لے کر بیٹھ گئے، شہری نے کہا معاوضہ نہیں لیا، نامزد گورنر میرے گھر پر چل کر آئے۔ عمران شاہ نے کہا والدین کو گالیاں دینے پر غصہ آیا، چیف جسٹس نے کہا دادو چوہان کی عمر دیکھیں، شرم آنی چاہیے، شاہ ہوں گے کہیں اور کے، یہاں نہیں چلے گا، بتائیں آپ کے ساتھ کیا کروں۔ عمران شاہ نے کہا معافی چاہتا ہوں، چیف جسٹس نے کہا لوگوں کی عزت کرنا سیکھیں، عمران شاہ کے معافی مانگنے پر شہری نے معاف کردیا۔ داود چوہان نے بتایا کہ مجھ پر پیسے لینے کا الزام لگایا گیا، تضحیک کی گئی، شہری کمرہ عدالت میں آبدیدہ ہوگیا، چیف جسٹس نے کہا کہ اس طرح کے لوگ فرعون بن جاتے ہیں، سبق سکھانا چاہتا ہوں ۔ چیف جسٹس نے عمران شاہ کو تیس لاکھ روپے ڈیم فنڈز میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹادیا۔