Tuesday, April 23, 2024

شہرہ آفاق قوال عزیز میاں کا آج 78واں یوم پیدائش منایا گیا

شہرہ آفاق قوال عزیز میاں کا آج  78واں یوم پیدائش منایا گیا
April 17, 2019

 لاہور (92 نیوز) شہرہ آفاق قوال عزیز میاں کا آج  78 واں یوم پیدائش منایا گیا۔ عزیز میاں قوال نے فن قوالی میں اپنے منفرد انداز سے وہ شہرت حاصل کی جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہے۔

 قوالی کو نیا انداز دینے والے عزیز میاں دنیا سے جانے کے بعد بھی اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ عزیز میاں بلند پائے کے قوال ہونے کے ساتھ ساتھ  اعلیٰ تعلیم یافتہ ،فلسفی اور شاعر بھی تھے۔

 عزیز میاں نے پنجاب یونیورسٹی سے اردو اور عربی میں ایم اے کیا۔ اکثر اپنی قوالیوں کی شاعری بھی خود کرتے تھے۔ عزیز میاں کا اصل نام عبدالعزیز جبکہ میاں تکیہ کلام تھا۔

 معروف قوال سترہ اپریل انیس سو بیالیس کو بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے ۔ قیام پاکستان کے بعد اپنے پاک وطن ہجرت کی۔

 عزیز میاں کی آواز بارعب تھی ۔ شاعری پڑھنے میں ایسی مہارت حاصل تھی کہ سامعین پر گہرا اثر چھوڑ جاتے تھے۔ عزیز میاں کی بیشتر قوالیاں دینی رنگ لیے ہوئے ہیں۔

 ان کی قوالیاں آج بھی سننے والوں پر وجد طاری کر دیتی ہیں ۔ فن قوالی کے لیجنڈ کو پرائید آف پرفارمنس سمیت کئی اعزازات سے نوزا گیا۔