Saturday, April 20, 2024

شہرہ آفاق اداکار کمال احمد رضوی سپردخاک

شہرہ آفاق اداکار کمال احمد رضوی سپردخاک
December 18, 2015
کراچی(92نیوز)شہرہ آفاق ڈرامے الف نون کے ہر دل عزیز  اداکار ،الن ،کو کراچی کے گذری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ان کی نماز جنازہ میں معروف اداکاروں  شعراء سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تفصیلات کےمطابق معروف اداکار،آرٹسٹ ،ہدایت کا ر،کمال احمد رضوی کی نماز جنازہ  کراچی کے علاقے عسکری تھری میں اداکردی گئی۔ جس میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ،نامور اداکاروں، فنکاروں ،ادیبوں اورشعراسمیت شہریوں کی بڑی تعداد  نے شرکت کی۔ مرحوم کے ہم عصر اداکاروں کا کہنا تھا کہ  ان کی موت سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہ ہوسکے گا کمال رضوی اپنی جاندار اداکاری اور یادگار ڈراموں کی بدولت  60 سال سے زائد عرصے تک شوبز کے افق پر درخشندہ ستارے کی طرح جگمگاتے رہے۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے شہرہ آفاق ڈرامے الف نون سے شہرت دوام حاصل کرنے والا یہ بے بدل اداکار  85 برس کی عمر اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کراس دار فانی سے کوچ کرگیا۔ اس عظیم اداکار کو  ڈیفنس فیز فورکے گزری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔