Thursday, March 28, 2024

شہر کراچی ڈاکوؤں کی آماجگاہ بن گیا

شہر کراچی ڈاکوؤں کی آماجگاہ بن گیا
January 18, 2017

کراچی (92نیوز) روشنیوں کا شہر کراچی ڈاکوؤں کی آماجگاہ بن گیا، صبح ہو یا شام، دن ہو یا رات، علاقہ وی آئی پی ہو یا کچی آبادی ڈاکو باآسانی اپنا کام دکھا جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے ضلع شرقی خوف کی علامت بن گیا۔

سی پی ایل سی کے مطابق سب سے زیادہ وارداتیں ضلع شرقی میں ریکارڈ کی جارہی ہیں۔ گلشن اقبال کا بلاک چار ہو یا موچی موڑ، ڈالمن مال ہو یا ملینئیم مال، بلوچ کالونی ہو یا پھر ہو الہٰ دین پارک، نیپا ہو یا خالد بن ولید روڈ تمام علاقوں میں ڈاکو بلاخوف و خطر باآسانی وارداتیں کررہے ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں ماہ کے سترہ روز میں شہریوں کو ایک کروڑ مالیت سے زائد کے موبائل فونز سے محروم کیا گیا۔ اینٹی کار لفٹنگ سیل کی نااہلی کے باعث ڈاکووں نے کراچی کی سڑکوں سے ستر کروڑ سے زائد مالیت کی گاڑیاں اور ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد مالیت کی موٹر سائیکلیں غائب کردیں۔

رواں سال سترہ دنوں میں مختلف نوعیت کی ڈکیتیوں کی بائیس وارداتیں ہوچکی ہیں جبکہ پولیس کے پاس بھتہ خوری کے چار مقدمات رپورٹ ہوئے ہیں۔