Monday, September 16, 2024

شہر لاہور نے بادلوں کی سیاہ چادر اوڑھ لی

شہر لاہور نے بادلوں کی سیاہ چادر اوڑھ لی
August 10, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور کو آج بھی بادلوں کی چادر نے اپنی لپیٹ میں رکھا ہوا ہے۔ صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق صبح سویرے چھانے والی کالی گھٹاوں اورٹھنڈی ہواوں نے موسم کو سہانہ بنا دیا مگر اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوئی جس نے ہمیشہ کی طرح واسا کی نکاسی آب کے کے حوالے سے کارکردگی کا پول کھول دیا اور کئی نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جس کے باعث موٹرسائیکل اور رکشے بند ہونے پر شہری حکومت کو کوستے نظر آئے۔ مال روڈ، کوئینز روڈ، چائنہ چوک، گڑھی شاہو، ایمپریس روڈ، ایجرٹن روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی کئی گھنٹے کھڑا رہا اور اس دوران واسا اہلکار پانی نکالنے کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔