Sunday, May 5, 2024

شہر قائد کے رہائشی پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے

شہر قائد کے رہائشی پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے
June 6, 2019
کراچی (92 نیوز) عید کا دوسرا روز بھی گزر گیا پانی نہ آیا ۔ شہرقائد کے رہائشی بوند بوند کو ترسنے لگے۔ کراچی میں عید کے دن بھی پانی کا بحران رہا۔ شہری اپنوں سے عید ملنے ملانے کے بجائے پانی تلاش کر رہے ہیں۔ ضلع وسطی،غربی، اورنگی اور گلستان جوہر سمتی دیگرعلاقوں میں پانی کی قلت ہے۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے حلقے محمود آباد میں ان کے گھرکے قریب پانی فروخت ہونے لگا۔ شہری واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشن  میں لائن لگا کر پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ واٹربورڈ کے عملے اور مقامی یوسی ناظم نے نائنٹی ٹونیوز کو کوریج سے روکنے کی کوشش کی۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ وہ سارا سال پانی کو ترستے ہیں۔ عید کے دن بھی پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ گلستان جوہر، گلشن اقبال، لیاری اور کیماڑی میں بھی مکین پانی کوترس رہے ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ ٹینکر دوڑتے نظر آتے ہیں۔ تمام صورتحال پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی  کہتے ہیں بعض علاقوں میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا ہے۔ کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ میں منظم مافیا ہے جس کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گے۔ سمند کنارے آباد کراچی والوں کو عید کے دن بھی پانی نہیں مل رہا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ کے فور پراجیکٹ تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔