Friday, May 17, 2024

شہر قائد میں ننھی کلی مروا انسان نما بھیڑیوں کی درندگی کا شکار ہو گئی

شہر قائد میں ننھی کلی مروا انسان نما بھیڑیوں کی درندگی کا شکار ہو گئی
September 7, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری سے 6 سالہ بچی مروا کی تشدد زدہ لاش مل گئی ، پولیس نے بچی کے اغوا اور قتل کے شک میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا، واقعہ کے خلاف بچی کے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے یونیورسٹی روڈ پر  7 گھنٹے تک احتجاج کیا جسے رینجرز اور پولیس حکام سے مذاکرات کے بعد ختم کردیاگیا۔

شہرِ قائد میں ایک اور ننھی کلی درندگی کی نذر ہوگئی  ،عیسیٰ نگری میں  6سالہ بچی مروا کی چادر میں لپٹی تشددزدہ  لاش ملی۔ افسوسناک واقعہ نے اہلخانہ کو غم سے نڈھال تو علاقہ مکینوں مشتعل کیا جس کے بعد یونیورسٹی روڈ پر ملزمان کی گرفتار کیلئے احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔

مروا  کے والد نے بتایا پیر بخاری کالونی بلاک اے کی رہائشی ہیں  اور ان کی بچی صبح  سات بجے گھر کے قریب دکان سے چیز لینے گئی تھی  مگر واپس نہیں لوٹی ۔

لواحقین اور علاقہ مکینوں نے مروا کو اس کے لباس سے  شناخت کیا ، مقتولہ کے دادا کا کہنا ہے  ان کی نہ تو کوئی  دشمنی ہے اور نہ ہی کسی سے کوئی تنازع ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے شناخت مٹانے کے لیے لاش  کو آگ لگائی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید  شواہد ملیں گے ، پولیس نے علاقہ مکینوں کے کہنے پر لاش کی نشاندہی کرنے والے شخص کو شک کی بنیاد پرحراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ۔

سات گھنٹے سے جاری احتجاج کے باعث یونیورسٹی روڈ شدید ٹریفک جام  کی صورتحال  بھی پیدا ہوئی جس کے رینجرز اور پولیس حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرادیا ۔