Thursday, April 25, 2024

شہر قائد میں مارچ میں ہی گرمی نے ڈیرے ڈال لیے

شہر قائد میں مارچ میں ہی گرمی نے ڈیرے ڈال لیے
March 26, 2021

کراچی (92 نیوز) شہر قائد میں مارچ میں ہی گرمی نے ڈیرے ڈال لیے، محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت آئندہ دو روز تک برقراررہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 39 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔

شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرار ہے، مارچ کے مہینے میں ہی گرم ہوائوں نے زور پکڑ لیا۔ آئندہ دو روز تک شہر کا درجہ حرارت 35 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب بھی 40 سے 80 فیصد تک ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کا احساس زیادہ ہے۔

موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں گزشتہ برس مارچ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا تھا جبکہ سال 2010 مارچ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.2 ڈگری سینٹی گریڈ ایک ریکارڈ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں موسم میں شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دن کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔