Thursday, April 18, 2024

شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا

شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا
July 10, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں بجلی کی لمبی چھٹی ہو گئی۔ شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ کورنگی ، لانڈھی ، ملیر ، قائد آباد ، لیاقت آباد، میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہونے لگی۔ شہریوں کی دہائیاں کام آئیں نہ سیاسی جماعتوں کا احتجاج کسی کام آیا۔ کراچی کے بیشتر علاقوں میں بارہ ، بارہ گھنٹے تک بتی گُل ہونے لگی۔ اس وقت بھی شہر کے بہت سے علاقے بجلی سے محروم ہیں۔ لوڈشیڈنگ کی اذیت سے دوچار شہری اوور بلنگ کی دہائی بھی دیتے نظر آتے ہیں۔ شہری علاقوں کی طرح صنعتی علاقے بھی لوڈشیڈنگ سے شدید متاثر ہیں۔ تاجروں اور صنعتکاروں نے ذمہ دار تمام سیاسی جماعتوں کو قرار دیا ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں سراج قاسم تیلی اور عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا حالات ایسے رہے تو چار چھ مہینوں میں کراچی کی انڈسٹری مکمل بند ہو جائے گی۔ شہر کے مسائل پر سیاستدان بھی بیان بازی میں پیچھے نہیں۔ ایم این اے عالمگیرخان نے کےالیکٹرک کی اجارہ داری ختم کرنے اور کمپنی کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کراچی میں بلیم گیم کا سلسلہ تو طویل عرصے سے جاری ہے مگر شہریوں کے مسائل کا مداوا کرنے کیلئے عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آرہے۔