Thursday, April 25, 2024

شہر شہر نویں محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر

شہر شہر نویں محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر
September 21, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شہر شہر نویں محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر ہو گئے۔ کربلا کے پیاسوں کی یاد میں سبیلوں کا اہتمام کیا گیا اور نذرونیاز بھی جاری رہی۔ پشاورمیں نویں محرم کا علم و شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال پر اختتام کو پہنچ گیا۔ نویں محرم الحرام کا روایتی مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال پشاور صدر سے برآمد ہوا۔ علم و شبیہ ذوالجناح کے جلوس میں شریک عزادار شہداء کربلا کی قربانیوں کی یاد میں نوحہ خوانی کرتے رہے۔ جلوس کی گزرگاہ صدر روڈ پرسبیلیں لگائی گئیں۔ عزاداروں کی مشروبات سے تواضع کی گئی۔ جلوس صدر روڈ سے ہوتا ہوا کالی باڑی پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی۔ چوک فوارہ سے ہوتے ہوئے عزادار واپس حسینیہ ہال پہنچے۔ جلوس کے موقع پر صدر روڈ کو چاروں اطراف سے مکمل سیل کیا گیا۔ کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ ایرانیاں حسینیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستوں پر دودھ، شربت اور پانی کی سبیلوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ شرکاء نے ایم اے جناح روڈ پر مسجد علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کی۔ پیپلزپارٹی کے رہنماء سعید غنی بھی نمائش چورنگی پہنچے اور انتظامات پر مطمئن نظر آئے۔ 9 محرم الحرام کے جلوسوں کی سکیورٹی کو فل پروف بنانے کے لیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے 8 ہزار  سکیورٹی کیمروں کی مدد سے مونیٹرنگ کا عمل جاری رہا۔ انچارج سیف سٹی اتھارٹی  ڈی ایس پی منصور کا کہنا تھا کہ  شہر بھر میں 9 محرم کے حوالے سے  470  کے قریب سرگرمیاں ہورہی ہیں  جن میں 82 جلوس اور 388 مجالس کی تقریبات شامل ہیں۔ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے  سکیورٹی کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں رہی۔ ٹریفک پولیس بھی عاشورہ کے موقع پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر انداز سے  چلانے کے لیے ریڈیو سیف سٹی کے ذریعے لوگوں کی رہنمائی کرتی رہی۔ دوسری طرف فیصل آباد میں لشکر حسین کی عقیدت سے سرشار عزاداروں کی طرف سے تشبیہی میدان کر بلا سجایا گیا۔ میلوں دور کا سفر اور کربلا کا میدان ، یزید کا ظلم و بربریت اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شجاعت و استقامت، فیصل آباد کے رانا پارک میں بنائے گئے تشبیہی میدان کربلا میں ہر چیز نے جیسے حقیقت کا روپ دھار لیا۔ دو حصوں میں تقسیم تشبیہات میں ایک طرف اہل بیت  تو دوسری طرف فوج یزید کی منظر کشی کی گئی ۔ میدان کربلا میں نہر کے پانی پر یزیدی فوج  کا قبضہ، سازو سامان اور جانوروں کی تشبیہات بھی رکھی گئی۔ جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے پنجاب کے اضلاع ملتان، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سرگودھا، حافظ آباد، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، سرگودھا، خوشاب، ساہیوال اور پاک پتن میں بھی موبائل سروس معطل رہی۔ اس کے علاوہ بھکر، وہاڑی، راجن پور، لودھراں، بہاولپور، بہاولنگر، مظفرگڑھ، لیہ، بورے والا، رحیم یارخان، منڈی بہاؤالدین، شکر گڑھ ، اٹک، پنڈدادن خان میں بھی موبائل سروس معطل رہی۔ سندھ کے اضلاع لاڑکانہ، بدین، میرپور خاص، خیرپور، دادو، مہیڑ، خیر پور ناتھن، جیکب آباد ،شکارپور، نوابشاہ، ،سانگھڑ، نوشہروفیروز، قمبر، شھداد کوٹ، ٹھٹھہسمیت دیگر علاقوں میں موبائل سروس معطل رہی۔ خیبر پختونخوا کےدارالحکومت پشاور سمیت ہری پور، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان ،لکی مروت، ایبٹ آباد، نوشہرہ اور دیگر شہروں میں بھی موبائل سروس بند رہی۔ بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، جعفرآباد اور جھل مگسی اور آزاد کشمیر میں مظفر آباد، میر پور، کوٹلی ، بھمبر، راولا کوٹ ، باغ اور حویلی ، گلگت بلتستان میں بھی موبائل سروس معطل رہی۔