Thursday, April 25, 2024

شہر اقتدار کے سیکٹر جی نائن میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 200 تک جا پہنچی

شہر اقتدار کے سیکٹر جی نائن میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 200 تک جا پہنچی
June 12, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) شہر اقتدار میں بھی کورونا وائرس بے قابو ہو گیا۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 200 تک جا پہنچی۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن، کراچی کمپنی مارکیٹ سیل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کا کہنا ہے سیکٹر جی نائن ٹو، تھری، کراچی کمپنی آج رات 12 بجے مکمل بند کر دیں گے۔ ان علاقوں کو مزید اوپن نہیں رکھ سکتے۔ سیکٹر سیل کرنے کا فیصلہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی مشاورت سے کیا۔ کسی بھی مشکل میں انتظامیہ عوام کی معاونت کرے گی۔ ادھر کورونا کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے سندھ حکومت نے دوبارہ لاک ڈاؤن پر غور شروع کر دیا۔ سندھ حکومت نے عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر عمل درآمد کا عندیہ دیدیا۔ وِزیراعلی مراد علی شاہ نے عالمی ادارہ صحت کی تجاویز وسفارشات پر پارٹی قیادت سے بات چیت کی۔ سندھ کابینہ کے سینئر ارکان اور طبی ماہرین سے بھی عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دو ہفتوں کے لاک ڈاون اور دیگر پابندیوں پر حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے ہو گا۔ سندھ حکومت نے کورونا کی صورتحال پر چاروں صوبائی حکومتوں سے رابطے کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی حکومت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ سندھ حکومت کا کہنا ہے کورونا کی حالیہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی سفارشات پر عمل کیا جائے ۔ سخت لاک ڈاون کر کے مقررہ دنوں میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کی جا سکتی ہے۔ سندھ کابینہ ارکان نے تجویز دیتے ہوئے کہا وائرس کا پھیلاو نہیں روک سکتے مگر کورونا مریضوں کو ٹریس کرکے آئسولیٹ کر سکتے ہیں۔ وزرا کی تجویزعالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر حتمی فیصلہ اور اقدامات کا امکان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔