Tuesday, April 23, 2024

شہر اقتدار میں سکیورٹی ڈویژن میں تعینات اہلکاروں نے علم بغاوت بلند کر دیا

شہر اقتدار میں سکیورٹی ڈویژن میں تعینات اہلکاروں نے علم بغاوت بلند کر دیا
February 23, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) شہر اقتدار میں سکیورٹی ڈویژن میں تعینات اہلکاروں نے علم بغاوت بلند کر دیا۔ ذرائع کے مطابق اہلکاروں نے وزیراعظم پورٹل پر 12 گھنٹے ڈیوٹی کے خلاف شکایت درج کرا دی۔ سکیورٹی ڈویژن میں تعینات اہلکار بارہ بارہ گھنٹے ڈیوٹی پر اپنے ہی افسران کے خلاف پھٹ پڑے اور علم بغاوت بلند کر دیا۔ پولیس اہلکاروں کی جانب سے 8 فروری کو وزیر اعظم پورٹل پر شکایت درج کرائی گئی ۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل بارہ گھنٹے کی ڈیوٹی سے ذہنی مریض بن گئے ہیں ۔ انھوں نے وزیراعظم سے استدعا کی ہے ڈیوٹی اوقات آٹھ گھنٹے کیے جائیں تاکہ بچوں کو بھی وقت دے سکیں ۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کہتے ہیں حال ہی میں 1200 اہلکار بھرتی کیے گئے ہیں۔ مزید 3 ماہ تک ان اہلکاروں کی ٹریننگ کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ ٹریننگ کا عمل مکمل ہوتے ہی اہلکاروں کی مختلف ڈویژنز میں تعیناتی کردی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا تعیناتی کے بعد پولیس اہلکاروں کی اضافی ڈیوٹیاں ختم کرنے میں کافی حد تک قابو پالیا جائے گا۔ اس وقت سکیورٹی ڈویژن میں 5000 اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔