Friday, March 29, 2024

شہدائے کربلا کی یاد میں یومِ عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

شہدائے کربلا کی یاد میں یومِ عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے
August 30, 2020
لاہور (92 نیوز) سیدالشہدا حضرت امام حسینؓ، ان کے اہلخانہ اور ساتھیوں کی عظیم قربانی، شہدائے کربلا کی یاد میں یومِ عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ لاہور میں نثار حویلی سے برآمد مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن ہے، عزاداروں کی بڑی تعداد جلوس میں شریک ہے، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق جلوس کے شرکاء کو اچھی طرح چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔ جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ فیصل آباد میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ عزا خانہ شبیر سے برآمد ہونے کے بعد متعین کردہ راستوں پر گامزن ہے، اس موقع پر ضلعی پولیس کی جانب سے سخت سیکورٹی کے انتظامات کیےگئے ہیں۔ شیخوپورہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستان سے برآمد ہوا ، جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے، جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ سرگودھا دارالعلوم محمدیہ بلاک 19 سے نکلنے والا یوم عاشور کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔ چونیاں میں 10محرم الحرام کا مرکزی جلوس چوک بلورام سیدعاشق حسین شاہ کی رہائش گاہ سے برآمد ہوا ، جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں۔ کراچی میں نشترپارک سے نکلنے والا جلوس حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا۔ یوم عاشور کے موقع پر شہر بھر میں نذرو نیاز بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان کا مرکزی جلوس بھی روایتی راستوں سے گزررہا ہے، یا حسین یا حسین کی صدائیں۔ جلوس حضرت شاہ شمس سبزواری کے مزار پر بعد نماز مغرب اختتام پذیر ہوگا۔ راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس 11بجے امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوگا، جلوس کی سکیورٹی کے لیے 3ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، جلوس کا داخلی راستہ کمیٹی چوک اور فوارہ چوک ہو گا، جلوس کے روٹ کو کنٹینرز اور خاردار تاروں سے سیل کردیا گیا۔ کوئٹہ میں دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس علمدارروڈ شہداء چوک سے برآمد ہوا، سبی اور حب سمیت بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی جلوس نکالے گئے،، ڈیرہ بگٹی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ پنجتنی سوئی سے برآمد ہوکر روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ شہدائے کربلا سے اظہارعقیدت کیلئے پشاور میں بھی شبیہ ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ آغا سیدعلی شاہ سے برآمد ہوگیا، گلگت بلتستان اور سکردو میں بھی جلوس نکالے گئے۔