Friday, May 10, 2024

شہداء اے پی ایس ہمارے دلوں میں زندہ ہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب

شہداء اے پی ایس ہمارے دلوں میں زندہ ہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب
December 16, 2019
لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سانحہ اے پی ایس  کی پانچویں برسی  کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اے پی ایس ہمارے دلوں میں زندہ  ہیں ۔ وزیر اعلیٰ آفس 8 کلب روڈ کی جامعہ مسجد میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کی پانچویں برسی کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی جس میں  شہداء اے پی ایس کی لازوال قربانیوں کو  خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے شہداء اے پی ایس کیلئے خصوصی دعا کرائی، شہدا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ، صوبائی وزیر اوقاف نے شہداء کی عظمت کو بھی بیان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ  سانحہ پشاور کا زخم آج بھی تازہ ہے، معصوم بچے و بچیوں کو ناحق مسلا گیا، شہید کبھی مرتے نہیں،شہداء اے پی ایس آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ  ہم شہداء کو بھول سکے ہیں اورنہ ان کے بہادر اہل خانہ کو ، پشاور کے اسکول میں ہونے والا سانحہ تاریخ کا سب سے دلخراش واقعہ تھا، ایسے اندوہناک سانحہ کی عصر حاضر کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، پوری قوم شہداء کے لواحقین کے غم میں شریک تھی،ہے اوررہے گی۔ انہوں نے کہا کہ  آرمی پبلک اسکول کے بچوں اوراساتذہ نے عظیم قربانیوں کی تاریخ رقم کی، اس اندوہناک سانحہ پر آج بھی دل رنجیدہ اورآنکھیں اشکبار ہیں، معصوم بچوں کی عظیم قربانی نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکجا کیا،  قوم کو جگا یا۔ رہتی دنیا تک ان بچوں کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ رہے گی۔