Saturday, April 27, 2024

شہدا کے خون کے حساب تک دھرنا ختم نہیں کرینگے، اشرف آصف جلالی

شہدا کے خون کے حساب تک دھرنا ختم نہیں کرینگے، اشرف آصف جلالی
November 27, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) لبیک یارسول اللہؐ نے مال روڈ پر دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا ۔ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ وفاقی وزیرِ قانون کے بعد صوبائی وزیرِ قانون سے بھی نا صرف استعفی لیا جائے بلکہ اُن کے خلاف آئین سے بغاوت کا مقدمہ بھی چلایا جائے ۔
شہر میں 2 روز سے جاری دھرنے سے عوام کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ تعلیمی ادارے اور میٹرو بس بند رہی جبکہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے پٹرول پمپس پر پٹرول بھی بروقت نہ پہنچ سکا۔
فیض آباد میں 20 روز سے جاری تحریکِ لبیک یا رسول اللہؐ کا دھرنا اورملک گیر احتجاج تو وفاقی وزیرِ قانون کے استعفے اور دیگر مطالبات کی منظوری کے بعد ختم ہو گیا ہے ۔ لیکن چیئرمین تحریک لبیک کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے دھرنے کا اختتام صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ کے استعفے اور غداری کے مقدمے سے مشروط کر دیا۔
اس سے پہلے شہر کے دیگر35 مقامات سے دھرنا تو ختم کردیا گیا لیکن پٹرول کی قلت اور پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار رہے ۔
راستوں کی بندش اور حکومتی اعلان کی وجہ سے نا صرف تعلیمی اداروں میں چھٹی رہی بلکہ ہوائی اڈے پر پروازیں متاثر اور میٹرو بس سروس بھی بند رہی۔
سی ٹی او لاہور رائے اعجاز احمد نے کہا کہ موٹروے بابو صابو انٹر چینج سمیت تقریباً سارے شہر سے دھرنے کے شرکاء گھروں کو لوٹ چکے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ میٹرو ٹریک مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے ۔ چند گھنٹوں میں صورتِ حال معمول پر آ جائے گی۔