Friday, April 26, 2024

شہدا ، غازیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے بڑی تقریب لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں سجائی گئی

شہدا ، غازیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے بڑی تقریب لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں سجائی گئی
September 6, 2018
لاہور (92 نیوز) جنگ ستمبر کے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے لاہورکی سب سے بڑی تقریب فورٹریس اسٹیڈیم میں سجائی گئی۔ جنگ ستمبر کے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کی بازگشت فورٹریس اسٹیڈیم لاہور میں بھی سنائی دی۔ پروقار تقریب کے دوران پاک فوج کے لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹرز نے فلائی پاسٹ کیا ۔ کوبرا، مشاق اور ایف سولہ نے فضائی کرتب دکھائے۔ رینجرز کے دستے نے بھی خوبصورت ڈرل پیش کی اوراپنی زبردست پرفارمنس سے حاضرین کی توجہ سمیٹی۔ علاقائی لباس پہنے بچوں اور طلبا نے ملی نغموں سے شرکا کا لہو گرمایا۔ آرمی بینڈ کے جوانوں نے اپنی خوبصورت پرفارمنس سے ملی نغموں کی دھنیں بکھیریں۔ تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ملک دشمنوں کا ایجنڈا خوف اور دہشت پھیلانا ہے۔ دشمن اور دہشت گردوں کے خلاف ہمارے شہدا کی قربانیاں لازوال ہیں، شہدا کوعزت دینگے تو ہی ہماری عزت ہو گی۔ پاک فوج نے ہماری زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے اپنی زندگیاں قربان کر دیں۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض سمیت اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔ دوسری طرف چھ ستمبر کا دن پاکستان بھر میں یوم دفاع کے ساتھ ساتھ یوم شہداء کے طور پر منایا گیا۔ یوم شہدا کے موقع پر میجر عزیز بھٹی شہید کی جائے شہادت پر رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ چودھویں ونگ کے کمانڈربریگیڈیئر سید عاصم حسین گردیزی نے پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ پاکستان آرمی کی وردی میں ملبوس ننھے کمسن بچوں نے بھی جائے شہادت پر سلامی دی ۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔