Saturday, April 20, 2024

شہبازشریف کے داماد علی عمران نجی بینک کے ڈیفالٹر نکلے

شہبازشریف کے داماد علی عمران نجی بینک کے ڈیفالٹر نکلے
February 28, 2020
 لاہور (92 نیوز) شہبازشریف کے داماد علی عمران نجی بینک کے ڈیفالٹر نکلے۔ بینک نے 27 مارچ کو جائیداد نیلامی کی ڈگری حاصل کرلی۔ بینکنگ کورٹ لاہور نمبر 4 نےشہباز شریف کے داماد عمران علی کے خلاف نجی بینک کی جانب سے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے 27 مارچ کو  انکی جائیداد کی نیلامی کا اشتہار جاری کردیا جس کے مطابق عمران علی کی 2 کنال اراضی نیلام کی جائے گی جبکہ اراضی کیلئے 4 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بولی رکھی گئی ہے۔ ادھر جیل حکام کی جانب سے رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز پر تحصیل بھوانہ میں سرکاری خزانے سے ذاتی ملکیتی شوگر ملز کیلئے نالہ تعمیر کروانے کا الزام ہے۔ اس پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیب کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ صوبائی کابینہ اور صوبائی اسمبلی نے سیورج نالے کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔ نیب نے بد نیتی کی بنیاد پر رمضان شوگر ملز میں تحقیقات کا آغاز کیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی۔ دوسری طرف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور اور منی  لانڈرنگ کیس میں ایڈمن جج  چودھری امیرمحمد خان نے کیس پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کے اثاثہ جات انکی آمدنی سے زائد ہیں جن پر نیب 2003 سے 2007 کے درمیان بننے والے اثاثہ جات کی تفتیش کررہا ہے۔ عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مارچ تک توسیع کر دی۔