Thursday, April 18, 2024

شہبازشریف کے الزامات‘ جہانگیرترین نے 10ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

شہبازشریف کے الزامات‘ جہانگیرترین نے 10ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا
April 27, 2016
اسلام آباد (92نیوز) جہانگیر ترین نے قرضے معاف کرانے کا الزام لگانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا۔ جہانگیر ترین نے نوٹس میں شہباز شریف سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرخان ترین نے قرضے معاف کرانے کا الزام لگانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔ نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے رد کیے جانے والے خط کو بنیاد بنا کر جہانگیر ترین کی کردار کشی کی گئی۔ اسٹیٹ بینک کے اصل خط کو جان بوجھ کر میڈیا اور قوم سے چھپایا گیا۔ 92 نیوز نے جہانگیر ترین کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائے گئے نوٹس کی کاپی حاصل کرلی ہے۔ نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا کہ جہانگیر ترین نے گزشتہ 5 سال میں 13 ارب 58 کروڑ روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ ہرجانے کے نوٹس میں جہانگیر ترین نے شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی کے لیے تیار ہوجائیں۔ ہرجانے کے نوٹس میں فاروقی پلپ ملز اور ہیوی مکینیکل کمپلیکس کے قرضے معاف کرانے سے حوالے سے ان خطوط کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جو ثابت کرتے ہیں کہ جہانگیر ترین کا قرض لینے یا معاف کرانے سے کوئی تعلق نہیں۔ ہرجانے کا نوٹس وزیر اعلیٰ پنجاب سیکرٹریٹ لاہور کے پتے پر بھجوایا گیا ہے۔