Monday, May 13, 2024

شہبازشریف کی نوازشریف سے ملاقات، بیرون ملک روانگی پر مشاورت

شہبازشریف کی نوازشریف سے ملاقات، بیرون ملک روانگی پر مشاورت
November 17, 2019
لاہور (92 نیوز) شہبازشریف نے جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات کی، بیرون ملک روانگی پر مشاورت کی گئی، شہباز شریف کی مریم نواز اور ڈاکٹرز سے بھی ملاقات ہوئی، نوازشریف نے کہا حکومت بہت چھوٹے دل کی نکلی، شہباز شریف نے کہا نواز شریف نیک تمنائوں کے اظہار پر حکومتی اتحادیوں کے مشکور ہیں۔ شہبازشریف بڑے بھائی نوازشریف سے ملاقات کے لیے جاتی امرا پہنچے ، جہاں دونوں بھائیوں میں بیرون ملک روانگی پرمشاورت ہوئی، اس موقع پر شہبازشریف نے بتایا کہ تمام انتظامات مکمل ہیں بس آپ سفرکے لیے تیار ہوجائیں، میں نے کہا تھا آپکا علاج میری ذمہ داری ہے، حکومت نے تاخیر کی لیکن اللہ نے ہمیں ریلیف دلایا۔ نوازشریف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ حکومت بہت چھوٹے دل کی نکلی، چھوٹے بھائی کے ناطے آپ نے جو کوشش کی وہ قابل تعریف ہیں۔ شہباز شریف کی مریم نواز اور ڈاکٹرز سے بھی ملاقات ہوئی، نوازشریف بیماری پر صورتحال سے آگا ہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کیلئے نیک تمنائوں کے اظہار پر حکومتی اتحادیوں کے مشکور ہیں، حکومتی اتحادی جماعتوں نے مخالفت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے مفاہمت اور انسانی بنیادوں کی سیاست کو فروغ دیا، چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کے بھی شکر گزار ہیں۔ شہبازشریف نے مزید کہا کہ نوازشریف کی ملک و قوم کیلئے گراں قدر خدمات ہیں، نواز شریف کی عدم موجودگی میں ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔