Thursday, April 25, 2024

شہبازشریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکنوں کی ہنگامہ آرائی

شہبازشریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکنوں کی ہنگامہ آرائی
November 28, 2018
لاہور ( 92 نیوز) شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکنوں نے  ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے  امن وامان کی صورتحال تباہ کرنے کی کوشش کی ، اس وموقع پر ن لیگ کے  رہنما بھی ہلڑ بازی میں کسی سے پیچھے نہ رہے۔ نیب کے ملزم شہباز شریف کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تو  ن لیگی کارکن اپنی روش سے باز نہ آئے، عدالت کے باہر ہنگامہ آرائی  کرتے ہوئے کارکنوں نے  پولیس اہلکاروں  کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی ۔  پولیس امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے  کی کوشش کرتی رہی۔ شہباز شریف کو لائے جانے سے قبل ہی لیگی کارکنوں کی بڑی تعداداحتساب عدالت کے باہر پہنچ گئی، پولیس اہلکاروں کو دھکے دیئے۔ اس موقع پر  ن لیگ کے وکلا نے بھی اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی ۔ مسلم لیگ ن کےا یم پی اے مرزا جاوید نے   کارکنوں کے ہمراہ نعرے بازی کی اور  ہلڑبازی کرنے والوں کی بھی حوصلہ افزائی کی۔ لیگی رہنما زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو سیکرٹریٹ پہنچنے کی بھی ہدایت کرتے رہے۔ ن لیگی ورکرز کی ہنگامہ آرائی بڑھنے پر پولیس کی مزیدنفری طلب کرنا پڑی، احتساب عدالت کےا ندراور باہر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔