Monday, May 6, 2024

شہبازشریف کو پیش نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ احتساب عدالت طلب

شہبازشریف کو پیش نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ احتساب عدالت طلب
January 4, 2019
لاہور (92 نیوز) شہبازشریف کیخلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت میں لاہور کی احتساب عدالت نے شہبازشریف کو پیش نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو طلب کرلیا۔ سابق وزیر اعلی پنجاب کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج  نجم الحسن  نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے شہباز شریف کے پیش نہ ہونے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو طلب کر لیا جبکہ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شہباز شریف اسلام آباد میں ہونے کہ وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اگر شہبازشریف اسلام آباد میں ہیں تو راہداری ریمانڈ میں توسیع کیوں نہیں کروائی گئی ؟۔ عدالت نے سپریٹنڈنٹ  جیل  کو 2 گھنٹے میں عدالت میں پیش ہو کر وضاحت کرنے کا حکم  بھی دے دیا۔ سپرینٹنڈنٹ جیل نے پیش ہوکر عدالت کو آگاہ کیا کہ شہباز شریف سب جیل میں قید ہیں جو پنڈی جیل کے ماتحت ہے۔ شہباز شریف کو راہداری ریمانڈ کے لیے پولیس اہلکار مانگے گئے مگر نہیں ملے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ شہباز شریف کو پیش کرتی جس پر جیل حکام کا کہنا تھا کہ ایس پی ہیڈکوارٹر کو اس حوالے سے لکھا مگر جواب نہیں آیا۔ عدالت نے ایس پی ہیڈ کوارٹر کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا۔