Sunday, May 5, 2024

شہبازشریف کا نگران حکومت پر پی ٹی آئی سے مل کر پری پول دھاندلی کا الزام

شہبازشریف کا نگران حکومت پر پی ٹی آئی سے مل کر پری پول دھاندلی کا الزام
July 12, 2018
لاہور ( 92 نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نگران حکومت پر پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ملنے اور پری پول دھاندلی کا الزام عائد کر دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں دور دور تک مارشل لا کا سایہ نہیں ، بطور پاکستانی الیکشن کمیشن سے جواب لینا ہے ، جواب نہ ملا تو بات آگے بڑھائیں گے ۔شہبازشریف نے کہا کہ ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے جبکہ عمران خان کو ریلیوں اور جلسوں کی آزادی ہے  ۔ شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ کے کارکنوں کو گھروں میں گھس کر گرفتار کیا جا رہا ہے ،  اس سلسلے میں  نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو خط بھی لکھ دیا۔ شہباز شریف کے الزامات پر نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے 92 نیوز کے پروگرام میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ  کوئی کریک ڈاؤن نہیں ہو رہا ۔ نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نیب سے تعاون کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے ، انتشار پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی ۔ دوسری جانب نواز شریف اور مریم نواز کی اڈیالہ جیل منتقلی کیلئے راولپنڈی اڈیالہ جیل کے سامنے ہیلی پیڈ تیار کر لیا گیا، ہیلی پیڈ اڈیالہ کے مرکزی دروازے سے  200 میٹر کی دوری پر تیار کیا گیا ہے ، ہیلی پیڈ پر ہیلی کاپٹر کی آزمائشی لینڈنگ بھی کامیابی سے کر لی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق  ہیلی پیڈ سے جیل منتقلی کیلئے بکتربند گاڑیوں کا استعمال کیا جائے گا۔