Friday, April 26, 2024

شہبازشریف کا نوازشریف کو مزید محاذ نہ کھولنے کا مشورہ

شہبازشریف کا نوازشریف کو مزید محاذ نہ کھولنے کا مشورہ
May 16, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) نواز شریف کے متنازعہ انٹرویو کے بعد ملک بھر میں ہنگامی صورتحال کے بعد ن لیگی قیادت کے تین بڑوں نے سر جوڑ لئے ، شہباز شریف نے  نواز شریف کو نئے محاذ نہ کھولنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے محاذ کھولنے سے انتخابی مہم متاثر ہونے کا خدشہ ہے ،تاہم نوازشریف اپنے موقف پر قائم رہے اور لچک دکھانے سے انکارکردیا  ،92 نیوز نے تین بڑوں کی بیٹھک کی اندرونی کہانی کا سراغ لگا لیا۔ شہر اقتدار کے  پنجاب ہاؤس میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے تین بڑوں نے اہم اجلاس ہوا ، سابق وزیراعظم نوازشریف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے  تفصیلی ملاقات کی، ملاقات میں نوازشریف کے متنازعہ انٹرویو کے بعد پارٹی کو درپیش مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے  نواز شریف کو  ہتھ ہولا رکھنے کا مشورہ دیا ، چھوٹے بھائی کا کہناتھا کہ بھائی صاحب  اپنے موقف میں ذرا نرمی لائیں ، ہماری توجہ انتخابات اور نیب مقدمات پر ہونی چاہیے۔ نئے محاذ کھولنے سے انتخابی مہم متاثر ہونے کا احتمال ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے  بھی شہبازشریف کے موقف کی تائید کی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم  نواز شریف اپنے موقف پر ڈٹ گئے اور کہا کہ اب مصلحت سے کام لینا مناسب نہیں ہوگا۔ حق سچ بولنے اور ووٹ کی عزت کا بیانیہ عوام نے قبول کیا ہے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ معاملے پر قومی کمیشن بنایا جائے تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے ،بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی نوازشریف سے ملاقات کی   انھوں نے نوازشریف کے بیانیہ سے اتفاق  کیا۔