Friday, April 19, 2024

شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے نیب اپیل سماعت کیلئے مقرر

شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے نیب اپیل سماعت کیلئے مقرر
October 23, 2020
 لاہور (92 نیوز) شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے نیب اپیل سماعت کیلئے مقرر ہو گئی۔ جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں بینچ 27 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر شہبازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا۔ نیب نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ دوسری طرف احتساب عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ تفتیشی افسر نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران کے گھر  اورعدالت کے باہر نوٹس آویزاں کر دیے ، عدالتی حکم کے باوجود  پیش نہ ہونے پر رابعہ عمران کے خلاف اشتہاری کارروائی کا آغاز کیا گیا ۔ ادھر منی لانڈرنگ کیس میں لاہور کی احتساب عدالت نے شہبازشریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری بھی کردیا ، تحریری فیصلے میں ریمارکس دئیے گئے کہ اپوزیشن لیڈر کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا کوئی جواز نہیں ،جو الزامات لگائے گئے اس کا ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے۔ شہباز شریف کوجیل میں گھر کا کھانا، خصوصی بستر، کرسی اور ادویات کی فراہمی  کے لیے بھی تین صفحات کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا گیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو جیل میں گھر کا کھانا، خصوصی بستر، خاص کرسی ادویات فراہم کی جائیں۔