Tuesday, April 23, 2024

شہبازشریف نے جلاوطنی میں برطانیہ میں چار قیمتی فلیٹس کیسے حاصل کیے ، تفصیلات سامنے آگئیں

شہبازشریف نے جلاوطنی میں برطانیہ میں چار قیمتی فلیٹس کیسے حاصل کیے ، تفصیلات سامنے آگئیں
October 9, 2020
 لاہور (92 نیوز) شہباز شریف فیملی کی جانب سے مبینہ منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات میں نئے انکشافات ہو گئے۔ شہباز شریف نے جلا وطنی میں برطانیہ میں 4 قیمتی فلیٹس کیسے حاصل کیے؟ تفصیلات سامنے آگئیں۔ دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے برطانیہ میں 13 لاکھ 31 ہزار 700 پاؤنڈز میں 4 فلیٹس خریدے۔ فلیٹس خریدنے کے لیے رقم ایک کاروباری شخصیت، بارکلے بینک برطانیہ ، بھتیجی عاصمہ ڈار اور دیگر سے بطور قرض حاصل کی گئی۔ دستاویزات میں بتایا گیا 2005 میں شہباز شریف نے اپر بارکلے لندن میں واقع فلیٹ 2 لاکھ 35 ہزار پاؤنڈز میں خریدا جس کے لیے 75 ہزار پاؤنڈز کاروباری شخصیت سے جبکہ 1 لاکھ 60 ہزار بارکلے بینک سے بطور قرض حاصل کیے۔ 2007میں لندن میں دوسرا فلیٹ 1 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈز میں خریدا گیا۔ اس فلیٹ کے لیے 16 ہزار 75 پاؤنڈز کاروباری شخصیت سے قرض جبکہ 1 لاکھ 43 ہزار پاؤنڈز بارکلے بینک سے لیا گیا۔ 2007  میں ہی تیسرا فلیٹ 6 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈز میں خریدا گیا جس کیلئے کاروباری شخصیت سے 40 ہزار پاؤنڈ اور بارکلے بینک سے 5 لاکھ 47 ہزار 114 پاؤنڈز بطور قرض لئے۔ دستاویزات کے مطابق 2009 میں چوتھا فلیٹ لندن میں 2 لاکھ 86 ہزار 7 پاؤنڈز میں خریدا گیا جس کے لیے 2 لاکھ 30 ہزار 607 پاؤنڈز کاروباری شخصیت جبکہ 55 ہزار 400 پاؤنڈز دیگر قریبی رفقاء سے حاصل کیے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف خاندان اور دیگر سے مؤقف لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔