Thursday, April 25, 2024

شہبازشریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کردی

شہبازشریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کردی
May 2, 2021

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کردی۔

صدر مسلم لیگ ن کہتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام پوری دنیا نے مسترد کیا، الیکشن کمیشن بھی ناقابل عمل قرار دے چکا۔ ایک شخص کی خواہش یا حکم پر ایسے اہم قومی کام انجام نہیں پاتے۔ انتخابی اصلاحات تمام فریقین کی مشاورت، عوام کی رائے کی روشنی اور اتفاق رائے سے ممکن ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا، مسلم لیگ (ن) نے 2018ء میں تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تاریخی انتخابی اصلاحات کی تھیں، ان اصلاحات پر کسی کو اعتراض نہیں تھا۔ دستخط شدہ انتخابی اصلاحات کی وہ تاریخی دستاویز آج بھی موجود ہے۔

شہباز شریف نے تنقید کرتے ہوئے کہا، جس وقت اپوزیشن مثبت تجاویز اور میثاق معیشت کی بات کررہی تھی تو این آر او ، این آر او کا شور وغل مچا کر اِن کی توہین کی گئی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ، حکمران الیکٹرانک ووٹنگ کے بجائے تباہ وبرباد معیشت، مہنگائی اور بے روزگاری کے شکار عوام کی فکر کریں۔