Wednesday, May 8, 2024

شہبازشریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی

شہبازشریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی
September 14, 2020

لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور خاندان کے افراد اور دیگر شریک ملزموں کیخلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں ریفرنس پر کارروائی 29 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت!، اپوزیشن لیڈر لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ حمزہ شہباز کو کورونا وائرس کے باعث پیش نہ کیا گیا، جبکہ شہباز شریف کی صاحبزادی جویریہ کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔

نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ کے سمن وصول نہیں کیے گئے، ان کے گھر کے باہر نوٹس چسپاں کر دئیے گئے۔

شہباز شریف نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ وہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

فاضل جج نے ریمارکس دئیے آپ جوابات جمع کروا دیں انہیں پڑھ لیں گے۔

شہبازشریف نے مؤقف اختیار کیا موجود حکومت کی جانب سے پورے خاندان پر سیاسی مقدمہ بنایا گیا ہے جس سے بچوں کے کاروبار کا نقصان ہوا ہے، میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز حکومت کے ظلم کا شکار ہو رہا ہے۔

عدالت نے 29 ستمبر تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے رکھ لی۔