Saturday, May 11, 2024

شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات، مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر تبادلہ خیال

شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات، مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر تبادلہ خیال
October 1, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کےقائدین کی بڑی بیٹھک ہوئی۔ بلاول ،شہبازشریف کی ملکی سیاسی صورتحال سمیت مولانا فضل الرحمان کے لاک ڈائون پر مشاورت ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے دورہ امریکہ اور اپوزیشن جماعتوں کی گرفتاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے اپنی رہائش گاہ پر بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر پی پی رہنمائوں کا خیر مقدم کیا۔ شہبازشریف اور بلاول بھٹو کے مابین ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا مہنگائی عروج پر ہے۔ دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں کم کر دی گئی ہیں لیکن یہاں مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کارگردگی نہیں دکھا سکتی تو اقتدار چھوڑ دے۔ لیگی رہنما احسن اقبال  کا کہنا تھا کہ حکومت نے  ملکی معیشت کا برا حال  کردیا ۔ ملکی سالمیت خطرے میں پڑگئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اتحاد اور اتفاق سے اس حکومت سے عوام کو نجات دلائیں گے۔ اپوزیشن رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہماری تمام اپوزیشن جماعتوں سے بات ہو گی ۔ اس کے بعد مولانا کے مارچ کے حوالے سے فیصلہ ہو گا۔ لانگ مارچ اور جلسے پر سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔