Monday, May 13, 2024

شہبازشریف رکن قومی اسمبلی ہیں ، انھیں کھانا وقار کے ساتھ پیش کیا جائے ، احتساب عدالت

شہبازشریف رکن قومی اسمبلی ہیں ، انھیں کھانا وقار کے ساتھ پیش کیا جائے ، احتساب عدالت
October 6, 2020
لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت نے شہبازشریف کو وقار کے ساتھ کھانا پیش کرنے کا حکم دے دیا اور کہا شہبازشریف اپوزیشن لیڈر اور رکن قومی اسمبلی ہیں، انھیں کھانا وقار کے ساتھ پیش کیا جائے۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے گزشتہ سماعت کا چار صفحات کا تحریری حکم جاری کیا ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شہباز شریف اپوزیشن لیڈر اور قومی اسمبلی میں ایم این اے ہیں ، انکو وقار کے ساتھ کھانا پیش کیا جائے۔ کسی اتھارٹی کو ہرگز اجازت نہیں ہے کہ وہ ملزم کی عزت نفس مجروح کریں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وزرات خارجہ کی رپورٹ کے مطابق ملزم سلیمان شہباز عدالت کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری وصول نہیں کر رہا۔ ملزم بیرون ملک میں جان بوجھ کر عدالت کا حکم نامہ موصول نہیں کر رہا۔ عدالت سلیمان شہباز کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی کا حکم دیتی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شہباز شریف کے مطابق نصرت شہباز اور رابعہ عمران جلد ٹرائل کا سامنا کریں گی۔ شہباز شریف کی استدعا پر نصرت شہباز اور رابعہ عمران کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی فی الحال روکی جاتی ہے۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت غیر حاضر ملزمان کو ٹرائل جوائن کرنے کا حکم دیتی ہے۔