Friday, March 29, 2024

شہبازشریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ، یاسر مشتاق کے بیان کی تفصیلات سامنے آ گئیں

شہبازشریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ، یاسر مشتاق کے بیان کی تفصیلات سامنے آ گئیں
November 6, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت ہو گئی۔ وعدہ معاف گواہ یاسر مشتاق کے بیان کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ شہبازشریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے یاسر مشتاق کے بیان کی کاپی 92 نیوز نے حاصل کر لی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 2014 میں شریف خاندان کے سی ایف او محمد عثمان نے سلمان شہباز کی 60 کروڑ کی رقم وائٹ کرانے کے لیے رابطہ کیا۔ یاسر مشتاق نے اپنے بیان میں کہا کہ پرانے کاروباری تعلقات ہونے کی بنا پر ہم نے اپنی کمپنی کا اکاؤنٹ استعمال کرنے کی اجازت دی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 2014 میں بیرون ملک سے 21 کروڑ سے زائد رقم ہماری کمپنی کے اکاؤنٹ میں آئی۔ محمد عثمان کے کہنے پر الفلاح بینک سرکلر روڈ برانچ میں ایک اور اکاؤنٹ کھلوایا۔ سلیمان شہباز کا اکاؤنٹ پہلے سے موجود تھا۔ اس اکاؤنٹ میں بیرون مختلف اکاؤنٹس سے 29 کروڑ سے زائد کی ٹرایکشنز کی ٹی ٹی لگوائی گئی۔ سلیمان شہباز نے اپنے ملازم طاہر نقوی کے نام پر وقار ٹریڈنگ کمپنی بنائی ۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ ریفرنس کی نقول  فراہم کرنے کے لئے شریک ملزم فضل داد عباسی اور قاسم قیوم کی درخواستیں مسترد کر دیں۔