Saturday, April 27, 2024

شہبازشریف اور حمزہ شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی

شہبازشریف اور حمزہ شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی
October 18, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیش ہوئے، نیب ترمیمی آرڈیننس کے باعث سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

منی لانڈرنگ، آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی، قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف نے مؤقف اختیار کیا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ہے عدالت کے احترام میں پیش ہوا ہوں۔ عدالت نے شہبازشریف کو جانے کی اجازت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔ غیر رسمی گفتگو میں اپوزیشن لیڈر نے کہا بڑھتی ہوئی مہنگائی روکنے میں حکومت ناکام ہو چکی ہے معیشت کا برا حال ہے۔

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں عدالت نے استفسار کیا کیا آج کوئی شہادت ہونی ہے؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گواہ موجود ہیں ان کی گواہی ریکارڈ ہونی ہیں۔

شہبازشریف کے وکیل نے مؤقف اپنایا نیب آرڈیننس کے وضع ہونے کے باعث کوئی عدالت گواہ ریکارڈ نہیں کر رہی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے سنا ہے نیب آرڈیننس میں تبدیلی کی جا رہی ہے،آئندہ سماعت پر نیب آرڈیننس ترمیم پر دلائل دئیے جائیں۔

حمزہ شہباز نے کہا حکومت ڈینگی کو کنٹرول کرنے میں حکومت ناکام ہو چکی ہے مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔

لاہور پولیس کی جانب سے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے واٹر کینن بھی منگوائی گئی۔