Saturday, May 11, 2024

شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر رمضان شوگر ملز کیس میں فرد جرم عائد

شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر رمضان شوگر ملز کیس میں فرد جرم عائد
August 6, 2020
لاہور (92 نیوز) رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی گئی، لاہور کی احتساب عدالت نے آئندہ سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی۔ لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت!، عدالت نے قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی پر فرد جرم عائد کر دی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے صحت جرم سے انکار کر دیا، صدر مسلم لیگ ن نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ایک جھوٹا کیس ہے،ڈرین مقامی ایم پی اے نے تیار کروایا تھا۔ شہباز شریف نے کہا انہوں نے ساڑھے بارہ سال پنجاب کی خدمت کی ہے، اس کیلئے بیرون ممالک بھی جاتا رہا، لیکن کبھی بھی کروڑوں روپے کے ٹی اے ڈی اے نہیں لیے، گاڑی کا پٹرول تک سرکار سے نہیں لیا، کھربوں روپے کے منصوبوں میں سے اربوں روپے بچائے تو دوسری طرف ایک ڈرین کے لئے جھک ماروں گا۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے استدعا کی درخواست پر مزید تیاری کرنا چاہتے ہیں اس لئے فرد جرم عائد نہ کی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے چھ ماہ گزر گئے آپ کی ابھی تک تیاری نہیں ہو سکی،فرد جرم کے بعد کوئی بھی درخواست جمع کرئی جا سکتی ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے دوران احتساب عدالت کے باہر لیگی کارکنان پولیس اہلکاروں کے ساتھ الجھتے رہے۔