Tuesday, April 23, 2024

شہبازشریف اور بلاول بھٹو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا

شہبازشریف اور بلاول بھٹو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا
October 16, 2021 ویب ڈیسک

لاہور/ کراچی (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن رہنماء شہباز شریف کا کہنا ہے منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی سے عوام کی جان لینے کے بجائے عمران خان استعفی دیں۔ صرف اسی طرح ملک وقوم کو ریلیف مل سکتا ہے۔ حکومتی اقدام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا عوام کا خون ہر روز نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔

شہباز شریف مزید بولے کہ غریب آدمی مرگیا ہے، کہاں جائے؟ گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟۔

ادھر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم کو عوام دشمن قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا پہلے بجلی مہنگی کی، اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بھی بڑھا دی گئی۔ حکومت ملک میں مہنگائی کا سونامی لے آئی ہے۔ حکومت عوام سے اپنی نااہلی کی قیمت وصول کررہی ہے۔

بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ صرف پیپلزپارٹی ہی ملک کو مہنگائی کے سونامی سے بچاسکتی ہے۔ عوام پاکستان کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والی ظالم حکومت سے نجات کیلئے میرا ساتھ دیں۔