Thursday, April 25, 2024

شہبازشریف اور انکے بیٹوں پر ہنڈی کے ذریعے کروڑوں روپے منتقل کرنے کا انکشاف

شہبازشریف اور انکے بیٹوں پر ہنڈی کے ذریعے کروڑوں روپے منتقل کرنے کا انکشاف
January 13, 2019
لاہور (92 نیوز) شریف خاندان کے خلاف ایک اور کیس کی تیاری شروع ہو گئی۔ شہباز شریف سمیت ان کے دونوں صاحبزادوں کے خلاف ہنڈی کے ذریعے کروڑوں روپے منتقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ شریف خاندان کے گرد احتساب کا شکنجہ مزید سخت ہو گیا۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں قومی احتساب بیورو نے شریف فیملی کے خلاف تحقیقات کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے خلاف جاری تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کروڑں روپے ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھیجے گئے۔ قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف نئے کیس کی تیاری شروع کر دی ہے۔ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ غیر قانونی طریقہ سے کب کتنا پیسہ باہر بھیجا گیا اور اس کام کیلئے کون سے ذرائع استعمال ہوئے۔ شہبازشریف پہلے ہی آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار  اور ان دنوں راہداری ریمانڈ پر اسلام آباد میں موجود ہیں۔ حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کی تحقیقات کے لئے بھی کیس چل رہا ہے جبکہ نیب لاہور شہباز شریف کے صاحبزادوں کو آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے پر بھی طلب کر چکا ہے۔