Friday, April 19, 2024

شہبازحکومت نے تین سالوں میں 130بلین روپے صوابدیدی فنڈز کے نام پر اڑاڈالے

شہبازحکومت نے تین سالوں میں 130بلین روپے صوابدیدی فنڈز کے نام پر اڑاڈالے
August 25, 2018
لاہور( 92 نیوز) شہباز حکومت کی شاہ خرچیوں کا پردہ فاش ہوگیا، سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے قوم کے خون پسینے کی کمائی کے 130 بلین روپے 3 سالوں میں صوابدیدی فنڈز کے نام پر خرچ کر ڈالے،  سابقہ حکومت نے آخری6 مہینوں میں ترقیاتی سکیموں کے بہانے ن لیگی اراکین اسمبلی میں 54 بلین روپے با نٹے ۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے وزراء کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کا اعلان کیا تو عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی لیکن پنجاب کے شہری سابقہ حکومت کے ڈسے ہوئے ہیں ،جس کے وزیرِ اعلیٰ سمیت دیگر ارکان اسمبلی اور وزراء نے صوابدیدی فنڈز کا بے دریغ استعمال کیا۔ سابقہ حکومت کے صرف آخری 17 ماہ میں 1.7 ملین روپے روزانہ کے حساب سے صوابدیدی فنڈز بلا ضرورت لٹائے گئے ، ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق نون لیگ کی حکومت میں بلٹ پروف گاڑیوں کے لیے 21 ملین روپے اور 24 ملین روپے چھ ڈبل کیبن گاڑیوں کے لیے خرچ کئے گئے۔ ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا کہ این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر 8.5 بلین روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے گئے جبکہ دو وکلاء سلیم حارث اور اعِظم نذیر کو فیس کی مد میں 8 ملین روپے ادا کیے گئے۔ ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ پنجاب حکومت نے وفاق کو ہیلی کاپٹر کے کرائے کی مد میں 120 ملین روپے ادا کیے جبکہ جاتی امراء کی سکیورٹی کے لیے اضافی 15 ملین روپے خرچ کیے گئے۔