Friday, April 19, 2024

شہباز کی سیاست ختم کرنے کیلئے نوازگروپ کام کررہا ہے ، شیخ رشید

شہباز کی سیاست ختم کرنے کیلئے نوازگروپ کام کررہا ہے ، شیخ رشید
May 25, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید کاکہنا ہے کہ شہباز کی سیاست ختم کرنے کیلئے نواز گروپ کام کر رہا ہے ۔ چینل 92 نیوز کے پروگرام نائٹ ایڈیشن میں  گفتگو کرتے ہوئے  وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ  شہباز شریف کی سیاست ختم کرنے کے لئے نواز شریف کا گروپ متحرک ہے ۔ شیخ رشید نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نوازشریف اور آصف زرداری کی سیاست نہیں دیکھ رہا ،کسی بھی مولوی کے لیے دریا کے مخالف سمت چلنا مشکل ہوتا ہے ،یہ دونوں پارٹیاں این آر او کے پیچھے ہیں ،آصف زرداری بلاول کو بھی مروائے گا،مجھے بلاول کی فکر ہے، زرداری کا سپر مان اس کو لے ڈوبے گا۔ شیخ رشید احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  یہ دونوں پارٹیاں دل سے مفاہمت کےلیے تیار بیٹھی ہیں ، یہ ضیاالحق کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں ،شاید ایسا وقت آئے کہ ان کی ضمانتیں بھی نہ ہوں ، ان کو بھاگنے نہیں دیا جائےگا،ٹوکرا رکھ دیا جائے گا، چیئرمین ہٹانے کی بات ہوئی تو یہ سب لوگ بھاگ جائیں گے ،یہ سب چور اسی داؤ پر ہیں کہ ایسا مسئلہ پیدا ہو جائے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ تحریک انصاف ایک شخص کا نام ہے،سیکنڈ لیڈر شپ کا قحط ہے ،ان لوگوں کو عمران خان نے وزیر بنایا،وفاقی کابینہ میں ایسے لوگ ہیں جو کونسلر بھی نہیں بن سکتے تھے ،عمران خان کے علاوہ اس پارٹی کو کچھ نہیں سمجھتا،اسد عمر کو کابینہ میں دیکھنا چاہتا ہوں ،عید کے بعد کابینہ میں تبدیلیاں ہوں گی،تحریک انصاف کا پہلا بجٹ ہے ،اچھا پیش کرنے کی کوشش ہونی چاہیے ، بجٹ کے بعد لمبا شور شرابہ دکھائی دے رہا ہے ، وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک میں سارے اثرات گینگ آف فائیو کی وجہ سے ہیں ،میں نے شہباز شریف کو این آر او مانگتے دیکھا ہے ، شہبازشریف آخری دنوں تک صوبہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے ،شہبازشریف کی خواہش تھی کہ صوبہ ان کو دیا جائے ، ن لیگ والے فارورڈ بلاک بنانے کےلیے تیار ہیں ،ن لیگ میں بلاک بنانا تین دن کا کام ہے ،عمران خان شریف آدمی ہے  وہ ایسا نہیں سوچتا،میں ہوتا تو ن لیگ میں 22افراد کا فارورڈ بلاک بنا دیتا ، خواجہ سعد رفیق فارورڈ بلاک کا رکن ہے ، ن لیگ میں فارورڈ بلاک بنا ہوا ہے ، چوروں کی عدالتوں سے ضمانتیں ہو رہی ہیں، یہ چور بستے ہیں نہ بسنے دیتے ہیں ۔ نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے  شیخ رشید نے کہا کہ شہباز کی سیاست کے پیچھے نواز شریف ہاتھ دھو کے پڑے ہیں ،شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانا تحریک انصاف کی غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عمران خان کی وجہ سے نہیں،چوروں کی وجہ سے ہے ،عوام کو ایک سال تک مہنگائی سے گزرنا ہوگا، عمران خان ایک سال میں مسائل پر قابو پالے گا، عوام ہم سے ناراض یا خوش ہوں گے لیکن ان سے نفرت کرتے ہیں ۔ عیدکے بعد اپوزیشن کے متوقع احتجاج کے بارے میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ باہر نہیں نکلیں گے ،ملک میں مہنگائی ان چوروں کی وجہ سے ہے ، آصف زرداری پیسہ دے سکتا ہے،شریف برادران کفن پر جیبیں لگائے بیٹھے ہیں  مگر عمران خان این آر او نہیں دے گا۔ ہمسایہ ملک بھارت کے انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مودی کی جیت تمام عالم اسلام کے لیے پیغام ہے ، مودی نے کسی بھی مسلمان سے ووٹ نہیں مانگا، مودی نے بتادیا کہ بھارت ہندوؤں کاملک ہے ، بھارت خود بھی جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتا، بھارت کے لیے مستحکم پاکستان ضروری ہے ،بین الاقوامی سیاست میں مستقبل قریب میں مشرق وسطی کا اہم کردار ہے ۔