Friday, March 29, 2024

شہباز شریف کے داماد علی عمران اربوں روپے کی جائیداد کے مالک نکلے

شہباز شریف کے داماد علی عمران اربوں روپے کی جائیداد کے مالک نکلے
November 24, 2018
لاہور (92 نیوز) سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے داماد علی عمران اربوں روپے کی جائیداد کے مالک نکلے۔ علی عمران  کے نام  ایم ایم عالم روڈ پر  67 دکانیں اور دفاتر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیب نے احتساب عدالت میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران کی جائیداد کی تفصیلی رپورٹ جمع کر دی جس میں علی عمران کے نام اربوں روپے کی جائیداد کا انکشاف ہوا ہے۔ علی عمران  کے نام ڈی ایچ اے میں دو کنال کے رہائشی پلاٹ کی ملکیت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ موصوف کی علی پروسیڈ ڈویلپرز،  غوث اعظم ڈویلپرز کے علاوہ دیگر جائیدادیں بھی دریافت ہوئی ہیں جبکہ علی فوڈ پروسیڈ ڈویلپرز کے 50 لاکھ شیئرز میں انکی اہلیہ رابیعہ بھی برابر کی حصے دار ہیں۔ علی اینڈ فاطمہ ڈویلپرز کے ایک کروڑ مالیت کے شیئرز میں سے 65 لاکھ شیئرز کے مالک موصوف خود ہیں اور تو اور مدینہ فوڈز پروسیڈ کے ایک کروڑ 75 لاکھ شیئرز  میں سے ایک کروڑ 25 لاکھ مالیت کے شیئرز  بھی علی عمران کے  نام ہیں۔ بات یہاں پر ختم نہیں ہوتی گلبرگ 3 میں 99/100 A بلاک میں کروڑوں روپے مالیت کا پلاٹ بھی داماد جی کے نام ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ دوسری جانب  نیب کے مطابق علی عمران پر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ایف او نوید اکرام سے 13 کروڑ رشوت لینے کا الزام ہے۔