Tuesday, May 14, 2024

شہباز شریف کے خلاف کیس بڑا اوپن ہے، وزیراعظم

شہباز شریف کے خلاف کیس بڑا اوپن ہے، وزیراعظم
June 5, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا شہباز شریف کے خلاف کیس بڑا اوپن ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا وائرس کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے شہباز شریف اور شریف فیملی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ  شریف فیملی کی چوری اور منی لانڈرنگ پکڑی گئی۔ شہباز شریف کے خلاف کیس بڑا اوپن ہے، جس انداز میں شہباز شریف اور دیگر بھاگ رہے ہیں صاف ظاہر ہوتا ہے ان کی چوری پکڑی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ملکی موجودہ صورت حال پر مشاورت کی ، آئندہ سال کے وفاقی بجٹ سے متعلق تجاویز اور پارلیمنٹری سیشن پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق گائیڈ لائنز فراہم کیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا۔ وائرس سے نمٹنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے ہیں۔ وینٹیلیٹرز کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر دور کیا گیا۔ صورتحال پر وزیراعظم عمران خان آئندہ چوبیس گھنٹوں میں قوم سے اہم خطاب  بھی کر سکتے ہیں۔ اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ بلوچستان کی مجموعی صورتحال، خصوصا کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات اور  صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلقہ امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ  صوبہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی سماجی و معاشی ترقی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبائی حکومت کو ہر ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا ۔