Friday, April 26, 2024

شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں سات نومبر تک توسیع کر دی گئی

شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں سات نومبر تک توسیع کر دی گئی
October 29, 2018
لاہور (92 نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں سات نومبر تک توسیع کر دی گئی۔ تین روز راہداری ریمانڈ کی بھی منظوری دی گئی۔ نیب کی جانب سے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جبکہ شہباز شریف کے وکلا نے ریمانڈ کی مخالفت کی۔ شہباز شریف بولے خدا کی قسم نیب اب جن سوالوں کے لیے ریمانڈ مانگ رہا ہے یہ پوچھ چکے ہیں۔ مجھ سے جو پوچھا گیا وہ میں نے نیب کو بتایا ہے۔ پچیس دن ہو گئے یہ ایک چیز بھی ثابت نہیں کر سکے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا اب سامنے آیا کہ آشیانہ اقبال کی قیمت تیئس ارب روپے تھی حالانکہ فیزبیلٹی چودہ ارب روپے بتائی گئی تھی۔ شاہد شفیق ٹھیکے کا اہل نہیں تھا۔ دو ہزار کنال اراضی پیراگون کو دی گئی۔ شہباز شریف نے کہا مجھے صاف پانی اسکینڈل میں بلا کر آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا۔ آشیانہ، صاف پانی پھر چینوٹ کیس میں بھی تحقیق کی۔ شہبازشریف نے خود دلائل دیئے تو نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض کر دیا۔ عدالت نے نیب کے وکیل کو بار بار بولنے پر جھاڑ پلا دی۔ شہباز شریف کو لینڈ کروزرمیں احتساب عدالت پہنچایا گیا۔ بکتر بند گاڑی بھی ساتھ تھی۔ عدالت کو جانے والے تمام راستے کنٹینرز  سے سیل کر کےکارکنوں کو ایم اے او کالج اورسیکریٹریٹ چوک تک ہی روک لیا گیا۔ عدالت کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکن آپے سے باہر ہو گئے اور احتساب عدالت میں جانے کے لئے پولیس کے ساتھ خوب دھکم پیل کرتے رہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب دیگرخواتین رہنماؤں کے ساتھ نوازشریف اور شہبازشریف کے حق میں نعرے لگاتی رہیں۔ شہباز شریف کے ریمانڈ میں توسیع کے بعد انہیں سخت سکیورٹی حصار میں واپس نیب آف پہنچا دیا گیا۔