Thursday, March 28, 2024

شہباز شریف کیساتھ گیم ہو گئی ، اب وہ باہر جانا چاہتے ہیں ،شیخ رشید

شہباز شریف کیساتھ گیم ہو گئی ، اب وہ باہر جانا چاہتے ہیں ،شیخ رشید
April 26, 2020

اسلام آباد  ( 92 نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف کیساتھ گیم ہو گئی ، اب وہ واپس باہر جانا چاہتے ہیں ، عوام میں بغاوت کے شعلے دیکھ رہے ہیں ، عید سے پہلے اس کا حل تلاش کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ  عید کے فوری بعد میں اہم چہروں کو پکڑا جاتا دیکھ رہا ہوں، چینی آٹے کیسز میں پکڑا جاتا دیکھ رہا ہوں، آئی پی پیز میں لمبی کارروائی ڈال دی گئی ہے،ابھی یہی نہیں پتہ کہ کمیشن کو ہیڈ کون کرے گا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے 92 نیوز کے پروگرام  92ایٹ8 میں  کہا کہ  لوگوں میں بغاوت کے شعلے دیکھ رہا ہوں، لوگوں کو سول نافرمانی کی جانب دیکھ رہا ہوں، لوگوں کا اب گزارا نہیں ہورہا، عید سے پہلے اس کا حل تلاش کرنا پڑے گا، لوگ اسلام آباد میں بیٹھ کر جیسا سوچ رہے ہیں گراؤنڈ پر ایسا نہیں ہے، دکاندار بھی بے بس ہوچکے ہیں، کورونا جانے کے بعد بھی پانچ چھ مہینے اس کے اثرات پاکستان کے کاروبار پر رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  اسد عمر کو میں ای سی سی میں بھی ان کمفرٹ ایبل دیکھتا تھا، ا ٓئی پی پیز میں قوم کے ساتھ 56ہزار ارب کا فراڈ کیا گیا ، اس کی رپورٹ منظر عام پر آنے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے ، شہبازشریف کے بیٹوں کا نام آئی پی پیز میں بھی آتا ہے اور شوگر اسکینڈل میں بھی  ، مجھے یقین ہے عمران خان کے دور میں یہ لوگ پکڑے جائیں گے، اگر یہ لوگ نہ پکڑے گئے تو عوام ہمیں نہیں چھوڑے گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ جو لوگ رہا ہوئے ہیں وہ عدالتوں سے گئے ہیں، عمران خان کو کسی نے ذمہ دار نہیں ٹھہرایا، میں صوبے کی سیاست نہیں کرتا، میں نے آٹے کی ایکسپورٹ کی مخالفت کی، کہا جاتا ہے چینی افغانستان گئی، پٹھان گڑ کھاتا ہے، کوئی چینی ایکسپورٹ نہیں ہوئی،  اگردیانت داری سے فرانزک رپورٹ بنے تو کوئی آدمی بھی باہر نہیں رہے گا، سب اندر ہوجائیں گے۔

پروگرام 92ایٹ8 میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ  عمران خان کی سیاست یہی ہے کہ اب ان لوگوں کو چھوڑا نہ جائے، یہ لوگ جیلوں میں جائیں گے تو عمران خان کی سیاست مزید مضبوط ہوگی، کورونا بھی پاکستان میں امیر ملزموں کو رہائی دلانے آیا ہے ، کرپشن کا ایک قیدی بھی جیلوں میں نہیں ہے، غریب بے چارا کورونا سے بھی مررہا ہے، میں سڑکوں پر کچھ اچھے حالات نہیں دیکھ رہا۔